وسطی ضلع گاندربل میں پولیس نے حزب المجاہدین نامی عسکریت پسند تنطیم کے ایک ماڈیول کا پردہ چاک کر کے تین افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا 'ہمیں اطلاع ملی کہ حزب المجاہدین سے وابستہ ایک گروپ نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت کرنے پر اکسا رہا ہے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی'۔
انہوں نے کہا 'فیاض احمد ساکن گٹلی باغ نامی ایک شخص جو سال 2006 میں پاکستان چلا گیا تھا، وہیں سے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے تیار کر رہا ہے'۔
موصوف نے بتایا 'گرفتار شدگان کے پاس سے تین گرینیڈ برآمد کئے گئے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اگر یہ بچے عسکریت پسند بن جاتے تو انہیں کسی انکاؤنٹر میں مارا جاتا تو بہت بڑا نقصان ہوتا'۔
یہ بھی پڑھیے
چین لداخ میں 38 ہزار مربع کلومیٹر بھارتی علاقہ پر قابض: راج ناتھ سنگھ
گرفتار شدگان کی شناخت ارشد احمد خان ولد محمد الطاف خان ساکن وایل وڈر گٹلی باغ، ماجد رسول راتھر ولد غلام رسول راتھر ساکن بیہامہ گاندربل اور محمد آصف نجار ولد عبدالرزاق نجار ساکن بیہامہ گاندربل کے بطور ہوئی ہے۔
قبل ازیں پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے کچھ الیکٹرانک سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔