گاندربل:گاندربل پولیس نے گزشتہ روزقریہ پارک گاندربل میں طالب علم پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو قمریہ پارک گاندربل میں دو افراد کے مابین کسی بات پر جھگڑا شروع ہوا جس دوران ایک طالب علم جس کی شناخت محمد عرفان ولد عبدالحمید شیخ ساکن سالورہ گاندربل کے بطور ہوئی پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی زخمی طالب علم کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایچ او گاندربل انسپکٹر منظور احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کی۔
ان کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ابرار احمد پرے ولد محمد اسماعیل پرے ساکن رنگل ناگہ بل نے طالب علم پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں 271/2023زیر دفعات 352,323,341آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
مزید پڑھیں:Teenager Boy Attacked In Ganderbal گاندربل میں نامعلوم افراد کا نوجوان پر حملہ
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس پی گاندربل کی ہدایت ایس ڈی پی او ہیڈکواٹر کی نگرانی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملزم کو ناگہ بل چوک سے گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ دونوں کا معشوقہ ایک ہی لڑکی کے ساتھ چل رہا تھا جو لڑائی کا باعث بنا۔
قمریہ پارک گاندربل میں دونوں کے درمیان اسی معاملے پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس نے بعد میں جھگڑے کا رخ اختیار کیا۔