گاندربل:وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل سے تعلق رکھنے والے درجنوں پٹواریوں نے ڈی سی آفس گاندربل کے احاطہ میں جمع ہوکر احتجاج درج کیا۔ احتجاج میں شامل پٹواریوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 2800روپے پے گریڈ کے تحت ایک منظم نظام کے ذریعے محکمہ مال میں بھرتی کیا گیا تھا تاہم، ان کے مطابق، نا معلوم وجوہات کی بنا پر انہیں 2400روپے پے گریڈ کے حساب سے تنخواہ دی جا رہی ہے، ان کے مطابق، پٹواریوں کی بھرتی کے بعد ایک حکمنامہ کے تحت ان کی تنخواہ 2800پے گریڈ کے بجائے 2400روپے پے گریڈ کے حساب سے دی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں احتجاج کر رہے پٹواریوں نے کہا کہ محکمہ مال سمیت دیگر محکمہ جات میں کام کر رہے سرکاری ملازمین صبح دس بجے سے شام چار یا پانچ بجے تک ہی اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ پٹواریوں کو اکثر و بیشتر تعطیلات کے ایام اور نصب شب کو بھی طلب کیا جاتا ہے جس کے لئے انہیں کوئی معاوضہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ پٹواریوں کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ پٹوار حلقوں اور گرداور سرکیولرز کا بھی مطالبہ کیا ہے جسے ہر وقت حکومت نے نظر انداز کیا۔ پٹواریوں نے انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی پٹواریوں نے احتجاج کیا جس پر انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے انہیں ایک ماہ کے اندر سبھی مطالبات پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جسے کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی پورا نہیں کیا گیا۔