وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے گنڈ، تانترے محلہ کی رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ خستہ حال سڑک کے باعث لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلع گاندربل کے گنڈ تانترے محلہ کی سڑک انتہائی خستہ مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام میں سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے لاکھوں روپے منظور کیے گئے تاہم انکے مطابق سڑ کی تعمیر کا کام شروع کیے جانے کے فورا بعد ہی اسے نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دیا گیا۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹھیکہ دار اور متعلقہ محکمہ کی ملی بھگت سے سڑ کو کاغذوں پر ہی تعمیر کرکے فنڈس ہڑپ لیے گئے۔‘‘
مقامی لوگوں سمیت سرپنچ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ کے افسران سے اس معاملے میں رابطہ قائم کیا تاہم انکے مطابق ’’ٹال مٹول کرکے معقول جواب نہیں دیا گیا۔‘‘
مزید پڑھیں:گاندربل: سونا مرگ، زوجیلا میں برفباری
انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال سڑک اور ناقص ڈرین کے سبب انہیں عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ایمرجنسی کے دوران مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں ناقابل بیاں پریشانیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔‘‘
انہوں نے متعلقہ حکام سے سڑک کی مرمت کرکے لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کیے جانے کا مطالبہ کیا۔