ضلع گاندربل کے واکورہ علاقے سے آئے درجنوں افراد نے ڈی سی آفس کے باہر صفاپورہ - دودرہامہ شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں شامل افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی نقل و حرکت بند کردی۔
احتجاج کررہے مرد و زن نے بتایا کہ تین روز قبل سونامرگ کے ہنگ علاقے میں المناک حادثے کے دوران ایک جی سی بی سڑک سے لڑھک کر نالہ سندھ میں جاگرا تھا جس کے نتیجے میں کنڈکٹر غرقاب ہوگیا جس کی جسد خاکی بازیاب کرنے میں انتظامیہ ناکام ثابت ہوچکی ہے۔
احتجاج کررہے مظاہرین نے کہا کہ انہیں جے سی بی کنڈکٹر کے زندہ ہونے کی کوئی امید نہیں ہے تاہم وہ انتظامیہ سے اپنے لخت جگر کی جسد خاکی کو ڈھونڈ نکالنے کی اپیل کررہے ہیں تاکہ اس کی تجہیز و تکفین مذہبی روایات کے مطابق انجام دی جاسکے۔