گاندربل (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں محکمہ ایکسائز نے منشیات کے استعمال اور نشہ آور فصلوں کی کاشت کے خلاف عوام میں بیداری لانے کے لیے ایک جامع مہم کا آغاز کیا۔ جامع مسجد لار میں منعقدہ ایک تقریب میں اس مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا، جہاں محکمہ ایکسائز کے افسران نے عوام کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات اور اس بدعت سے نجات کے لیے اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر تقسیم کیے گئے معلوماتی پمفلٹس میں نہ صرف منشیات کے استعمال سے صحت، سماجی اور معاشی نقصانات کو اجاگر کیا گیا، بلکہ نشہ آور فصلوں کی کاشت کے خلاف قانونی کارروائی کے بارے میں بھی وضاحت کی گئی۔ اہم ترین پہلو، مذہبی رہنماؤں کی اس مہم میں شمولیت رہی، جنہوں نے خطبہ جمعہ کے ذریعے گاندربل کو منشیات کے استعمال اور کاشت سے پاک بنانے کی تلقین کی۔ اور ائمہ و خطباء کی جانب سے سپورٹ نے اس مہم کو ایک اخلاقی تقویت بخشی۔