ضلع انتظامیہ گاندربل نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ہفتہ اور اتوار کو سونامرگ سیاحوں کے لیے بند کر دیا ہے، یہ احکامات 25جولائی تک نافذ رہیں گے۔ حکمنامے کے مطابق جن سیاحوں نے سونامرگ کے لئے پیشگی ہوٹل بکنگ ہوگی، ان پر یہ پابندی عائد نہیں ہوگی۔ تاہم ہوٹل بکنگ کا باضابطہ ثبوت چیک کرنے کے بعد ہی انہیں سونامرگ داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو سیاحتی مقامات پر بھیڑ جمع ہونے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کیے جانے کی صورت میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے عوام سے ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تھا کہ ضلع میں گزشتہ کئی ہفتوں سے کورونا مثبت معاملات میں کمی واقع ہو رہی تھی تاہم رواں ہفتے مثبت معاملات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اس سے قبل سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن نے بھی سونامرگ آنے والے مقامی سیاحوں کی آمد پر روک لگائے جانے کی درخواست کی تھی۔