ملک کی تمام ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں بھی عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے۔ کشمیر میں عید کا سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں لوگوں نے نماز عید میں شرکت کرکے کشمیر میں امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی۔ Eid ul Adha celebrated at Ganderbal
وہیں ضلع گاندربل کے ہر ایک تحصیل ہیڈکوارٹر کے ساتھ ساتھ سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد دودرہامہ میں منعقد ہوا، جہاں سیکنڑوں فرزندان توحید نے عید گاہ کے بجائے مسجد میں ہی نمازِ عید کی ادائیگی کو ترجیح دی، کیونکہ موسم کی خرابی کی وجہ سے عید گاہ میں نماز عید ممکن نہیں ہو سکی۔ اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے دیکھے گئے، جب کہ چھوٹے چھوٹے بچوں کے چہروں پر صاف طور پر خوشی دکھائی دے رہی تھی۔
ضلع انتظامیہ گاندربل نے نماز عید کے موقع پر سیکورٹی کے اچھے خاصے انتظامات کیے تھے۔ واضح رہے کہ عید الاضحی حضرت ابراہیمؑ کی اپنے بیٹے اسماعیل کی قربانی کے لیے آمادگی کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ جس کے دوران لوگ نماز عید مکمل ہونے کے بعد بھیڑ، بکرے یا دیگر حلال جانوروں کی صورت میں قربانی پیش کرتے ہیں۔