گاندربل:ضلع پولیس گاندربل نے پیر کے روز چھترگل کنگن میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان کی نگرانی میں سیوک ایکشن پروگرام کے تحت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میڈیکل کیمپ کا بنیادی مقصد چھترگل کے دور دراز علاقوں کے پسماندہ لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرانا ہے۔
اس میڈیکل کیمپ میں محکمہ صحت کے قابل ڈاکٹروں نے لوگوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں ماہرانہ مشورہ دیا۔ وہیں کیمپ کے دوران مقامی لوگوں میں معیاری ادویات بھی مفت میں تقسیم کی گئیں۔ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر نے اس میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دہہی علاقوں میں لوگوں کی طبی خدامات کے لیے فکر مند ہے اور اس کے لیے پولیس کئی علاقوں میں سیوک ایکشن پروگرام کے تحت پروگرامز منعقد کرتی ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں بھی ضلعی پولیس کی جانب سے ایسے مزید میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔