بڈگام، گاندربل (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں بھی جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح ڈیجیٹل ہفتہ 2023 کی تقریبات کا جمعرات سے آغاز کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالہ سے آگاہی پروگرامز کے علاوہ لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے آگاہی وینز کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ وین قصبہ جات سمیت دور دراز دیہات میں بھی حکومت کی جانب سے آن لائن خدمات کے باری میں لوگوں کو آگاہی فراہم کریں گی۔
بڈگام میں ڈیجیٹل ویک کی مناست سے تقاریب
ضلع بڈگام کے شیخ العالم ہال میں قائم محکمانہ اسٹالز قائم کرکے عوام نے آن لائن خدمات کے بارے میں مفصل جانکاری حاصل کی۔ اس مناسب سے شیخ العالم ہال میں تقریب بھی منعقد کی گئی۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقاریب میں تقریبا سبھی محکمہ جات کے افسران و ملازمین شرکت کر رہے ہیں اور عوام تک آن لائن خدمات فراہم کرنے اور اس حوالہ سے لوگوں کو مفصل جانکاری فراہم کرنے کے لیے اسٹالز لگائے ہیں۔
شیخ العالم ہال میں ’’ڈیجی‘‘ میلے کا افتتاح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام، ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، نے اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد کے ہمراہ کیا۔ میلے میں ضلع کے تمام سینئر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ ’’ہر سطح پر ڈیجیٹل خواندگی کو بڑھا کر شہریوں کو بااختیار بنانا اور حکومت کے مختلف آئی ٹی اقدامات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہی اس ہفتہ کے منانے کا اصل مقصد ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ہفتہ عوام کی بھلائی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت بڑھانے کے لیے منایا جا رہا ہے۔‘‘ اے ڈی سی بڈگام نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر حکومت نے 1016 آن لائن خدمات کی فراہمی میں سبقت حاصل کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’تمام افسران دیگر خدمات کے علاوہ آدھار کارڈ اور ہیلتھ کارڈ کے اندراج کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع بھر میں استفادہ کنندگان کو بغیر کسی پریشانی کے آن لائن خدمات فراہم ہوں۔‘‘ اے ڈی ڈی سی نے شیخ العالم ہال میں نصب کیے گئے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور اس موقع پر سروس پرووائیڈرز اور مستحقین سے بات چیت بھی کی۔