گاندربل (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں ہسپتال روڈ کے قریب دودرہامہ مارکیٹ میں دو مقامی دکانداروں کی جانب سے کی گئی تجاوزات کو ہٹا کر اراضی کو بازیاب کر لیا گیا۔ انہدامی کارروائی کے دوران دکانداروں کی جانب سے تعمیر کی گئی سیڑھیوں کو منہدم کیا گیا۔ انہدامی کارروائی میونسپل کونسل، گاندربل، کی ٹیم نے ایکزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل، نوید خان، کی نگرانی میں انجام دی۔ نوید خان نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ دو دکانداروں کی جانب سے پیدل چلنے کے لیے مخصوص راستہ پر قبضہ جما کر لوہے کی سیڑھیاں تعمیر کی گئی تھیں جس سے راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کونسل گاندربل نے انہدامی کارروائی کے حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’تجاوازات - خواہ بڑے پیمانے پر ہو یا چھوٹے پیمانے پر - کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کی جانب سے کی گئی تجاوزات کے حوالہ سے انہیں اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے انہدامی کارروائی انجام دیکر اراضی کو بازیاب کر لیا اور راہگیروں کے لئے راستہ ہموار کر لیا۔