گاندربل (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں محکمہ مال، جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ناگبل علاقے میں ملکیتی اراضی کے گرد کھڑی کی گئی عارضی دیوار کو منہدم کرنے کے خلاف مقامی باشندوں نے اعتراض ظاہر کیا، تاہم انہدامی ٹیم نے کارروائی جاری رکھتے ہوئے عارضی دیوار کو منہدم کر دیا۔ ایک مقامی کنبے نے محکمہ مال، جموں و کشمیر پولیس کی انہدامی کارروائی کو ’’ظلم‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک نامعلوم شخص نے ان کی اراضی کے جعلی دستاویز تیار کیے ہیں جبکہ یہ ان کی ملکیتی اور پشتینی اراضی ہے۔
محکمہ مال، پولیس ٹیم کو انہدامی کارروائی کے دوران مزاہمت کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے کارروائی جاری رکھتے ہوئے عارضی دیوار کو منہدم کر دیا۔ انہدامی کارروائی کے خلاف احتجاج درج کرنے والے کنبے نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’یہ اراضی ان کی پشتینی اراضی ہے اور ایک شخص نے اس کے جعلی دستاویز تیار کرکے اس میں دعویٰ کیا ہے کہ سنہ 1992میں انہیں یہ اراضی ہدیہ کی گئی ہے۔‘‘ احتجاج کر رہے مقامی باشندوں نے مزید کہا کہ ’’1990کے اوائل میں حالات اس قدر کشیدہ تھے کہ گھروں سے باہر نکلنا بھی دشوار ہو رہا تھا، اور ان حالات میں کسی غیر شخص کو کیونکر یہ اراضی ہدیہ کی جا سکتی تھی۔‘‘