ضلع انتظامیہ گاندربل کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال کی زیر صدارت ہائر سیکنڈری اسکول صفاپورہ میں عوامی دربار کا اہتمام کیا گیا۔
عوامی دربار میں صفا پورہ اور اس سے متصل علاقوں سے کثیر تعداد میں سرکردہ شخصیات، محلہ کمیٹیز اور ویلفیئر سوسائٹی نے شرکت کی اور ضلع انتظامیہ کو مختلف امور اور شکایات سے آگاہ کیا۔ شکایت کنندگان نے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کے لیے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مقامی افراد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو عوام کے متعدد مسائل سے آگاہ کیا۔ ان مسائل میں کھیل کے میدان کی توسیع، سومو گاڑیوں کے لئے اڈے کی اراضی کے لئے نشاندہی، بوسیدہ ہوچکے بجلی کے کھمبے و ترسیلی لائنیں، رابطہ سڑکوں کی تعمیر و تجدید سمیت اپنے اپنے علاقوں سے متعلق دیگر امور سے آگاہ کرایا۔
اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی تمام شکایات اور مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرنے کے علاوہ متعدد مسائل کو موقع پر ہی حل کیا۔
سومو اسٹینڈ کے لئے اراضی کے بارے میں متعلقہ تحصیلدار سے کہا کہ وہ علاقے میں ممکنہ زمین کی نشاندہی کریں اور منظوری کے لئے رپورٹ پیش کریں۔