گاندر بل:ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن گاندربل نزہت اشفاق نے سری نگر لیہہ قومی شاہراہ کے وائل کے مقام پر نئے تعمیر شدہ وائل ٹراس آرچ برج کو یک طرفہ ٹریفک کے لئے افتتاح کیا، اس موقع پر ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے کہا کہ یہ طویل عرصے سے زیر التوا مطالبہ تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایل جی منوج سنہا اور ضلع انتظامیہ گاندربل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دو لین پل کو 23.79 کروڑ روپے کی لاگت سے منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پل کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا ہوگا۔ نزہت نے کہا کہ یہ سری نگر-لیہہ ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے مفید ہوگا، کیونکہ موجودہ سنگل لین اسٹیل پل کی وجہ سے اکثر ٹریفک میں خلل پڑتا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونمرگ، ناراناگ اور شری امرناتھ جی گھپا سمیت کئی مشہور سیاحتی مقامات پر جانے والے سیاح بھی نئے پل سے مستفید ہوں گے۔
ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے روڈز اینڈ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے کام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انجینئرنگ کا ایک قابل ذکر کارنامہ ہے جو آنے والی کئی دہائیوں تک اس علاقے کے لوگ یاد کریں گے۔ ان کے مطابق یہ پہلا پل ہے جو مقامی لوگوں اور سیاحوں دونوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ اس پل کے نیچے دریائے سندھ بہتا ہے، جس نے علاقے کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا دۓ ہیں ۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن کو بتایا گیا کہ پل مکمل ہو چکا ہے تاہم کچھ اپروچ اور میکڈمائزیشن کا کام باقی ہے اور کام جاری ہے۔ اسے مکمل ہونے میں مزید کچھ دن لگیں گے۔
مزید پڑھیں:ڈی ڈی سی پلوامہ نے تکیہ - ٹنگہار پل کا افتتاح کیا
اس موقع پر بات ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس پل کا باقاعدہ افتتاح لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا کریں گے اور پل کے رسمی افتتاح کی تاریخ بعد میں طے کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ آر اینڈ بی کو ہدایت دی کہ کام میں تیزی لائی جائے تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔