گاندربل (جموں و کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں رواں برس منعقد ہونے والی امرناتھ یاترا 2023ء کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر، شیامبیر سنگھ، نے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کا انعقاد بال تل سے مقدس گپھا تک یاتریوں کے لیے کیے جار ہے انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے کیا گیا تھا۔ میٹنگ کے ابتدا میں مختلف محکمہ جات کی جانب سے کی گئی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بحث و تمحیص کی گئی میٹنگ کے دوران پانی، بجلی، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، پانی کی نکاسی، سروس پرووائیڈرز کی تصدیق اور رجسٹریشن، سیکورٹی وغیرہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سبھی متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے ڈی سی کو مقدس گھپا کے راستے پر جاری کاموں کی تیاریوں اور پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سطحوں پر محکموں کے درمیان بہتر منصوبہ بندی اور تال میل کو یقینی بنانے اور یاترا کے احسن انعقاد کے لئے تمام ترقیاتی کاموں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ضروری اشیاء کی ڈمپنگ کا جائزہ لیتے ہوئے اے ڈی ایف سی ایس اینڈ سی اے گاندربل نے بتایا کہ ضروری اشیاء خاص کر آٹا، چاول، چینی، تیل خاکی کی سپلائی وصول ہوئی ہے جسے جلد ہی شناخت شدہ مقامات پر پہنچایا جائے گا۔