گاندربل (جموں کشمیر) :انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بی ڈی سی، صفا پورہ کو 10 ہزار روپے کی رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ انسداد بدعنوانی بیور و (اینٹی کر پشن بیورو) کو شکایت کنندہ نے ایک سرکاری ملازم (ڈسٹرکٹ منزل آفیسر) ماجد عزیز اور پی آر آئی ممبر گوہر احمد ریشی (بی ڈی سی) کے خلاف تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ ڈسپوزل پرمٹ کے اجراء کے لیے ان سے رشوت کا تقاضا کیا گیا ہے۔
شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ اجازت نامے کے اجراء میں کسی نہ کسی بہانے سے تاخیر کی گئی۔ جب شکایت کنندہ نے ڈسٹرکٹ منزل آفیسر گاندربل ماجد عزیز سے رابطہ کیا تو شکایت کنندہ سے کہا گیا کہ وہ بی ڈی سی ممبر گوہر احمد سے رابطہ کریں اور جو بھی مطالبہ ہو اسے پورا کریں۔ شکایت کنندہ نے گوہر احمد سے رابطہ کیا جس نے دستاویز کے اجراء کے لئے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی جس میں سے 10 ہزار روپے پیشگی ادا کرنے کو کہا گیا۔ شکایت کنندہ نے رشوت نہ دینے کا انتخاب کیا اور اس کے بجائے سرکاری ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے اے سی بی سے رجوع کیا۔