گاندربل:کمشنر سیکریٹری فوڈ سول سروسز اینڈ کنزیومر افیئرس، زبیر احمد، نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے عوامی وفود سے ملاقات کی جبکہ منی سیکریٹریٹ میں منعقدہ عوامی دربار کی صدارت انجام دی۔ عوامی دربار میں ڈی سی گاندربل شیامبیر سنگھ، اے ڈی ڈی سی گاندربل، صدر میونسپل کونسل گاندربل، اے ڈی سی، سی پی او کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان بشمول ریونیو، بجلی، ہیلتھ، ایجوکیشن، پبلک ورکس، ایف سی ایس اینڈ سی اے، زراعت نے شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر پی آر آئی ممبران سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد بھی موجود رہی۔
عوامی دربار میں پی آر آئی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق کئی مسائل، ترقیاتی پروجیکٹس کے بارے میں حکام کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں کمشنر سیکٹریٹری کی توجہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں سی ٹی سکین کی سہولت، پاندچھ - بیہامہ روڈ کی وسعت، ضلع میں زنانہ کالج کا قیام، ٹرانسفارمرز کا بفر سٹاک، آر ٹی سی یارڈ، زیر تعمیر پلوں کی جلد از جلد تکمیل اور شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کیے جانے کی جانب مبذول کرائی گئی۔