گاندربل (جموں و کشمیر) : ’’الایمان یوتھ فاؤنڈیشن‘‘ اور ’’ہیلپ پوور والنٹیئر ٹرسٹ‘‘ نامی این جی اوز اور ایس ایم ایچ ایس اسپتال، سرینگر کے اشتراک سے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بیہامہ پارک میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں مقامی رضاکاروں سمیت پولیس اہلکاروں نے بھی خون کا عطیہ پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الایمان فاؤنڈیشن کے چیئرمین نے خون کے عطیہ کے فوائد کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کیمپ میں آئے لوگوں کو عوام میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: ’’خون کا عطیہ نہ صرف ضرورتمندوں کی زندگیاں بچاتا ہے بلکہ عطیہ کرنے والے کو بھی فوائد سے نوازتا ہے۔‘‘ منتظمین کے مطابق بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد ’’معاشرے میں خون کے عطیہ کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں اور خوف کے بارے میں عام لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔‘‘ کیمپ کے دوران رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد نے خون کا عطیہ پیش کیا جسے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر کے بلڈ بینک روانہ کیا گیا۔