سری نگر:جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل میں تعینات سبھی آفیسران اور ملازمین کو سنگین غفلت برتنے کی پادائش میں معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیئرپرسن کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ عید میلاد النبی کے روز وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل کا اچانک دورہ کیا، جس دوران وہاں پر موجود عقیدت مندوں نے چیئرپرسن کو وقف ملازمین کی غفلت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ لوگوں نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل میں تعینات وقف آفیسران اور ملازمین عقیدت مندوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔