گاندربل (جموں و کشمیر):زوجیلا ٹنل تعمیر کر رہی میگا انجینئرنگ انفراسٹرکچر میں کام کر رہے صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کی پر اسرار حالات میں موت واقع ہو گئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ادھر، نوجوان کی ہلاکت کی خبر اُس کے آبائی علاقہ پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ زوجیلا ٹنل تعمیر کر رہی میگا انجینئر نگ انفراسٹرکچر نامی کمپنی میں بحیثیت مزدور کام کررہے 20 سالہ ہارون احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ساکنہ بسن، رام بن ٹنل کے اندر کام کر رہا تھا۔
Labourer Dies in Zojilla Tunnel زوجیلا ٹنل میں مزدور کی پراسرار موت، کیس درج تحقیقات شروع
زوجیلا ٹنل میں کام کررہے ضلع رام بن سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کی پراسرار طور موت واقع ہو گئی جس کی تحقیقات کے لیے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہارون اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑا، اسے فوری طور پر سونہ مرگ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں موجود ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسپتال پہنچانے سے قبل ہی ہارون کی موت واقع ہو گئی تھی۔ ابھی تک مزدور کی موت کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تاہم اس سلسلے میں سونہ مرگ پولیس نے ایک کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان کے اہل خانہ کا اطلاع دی گئی ہے اور طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں اسی کمپنی سے وابستہ دو مزدروں کی برفانی تودے کی زد میں آ کر موت واقع ہو گئی تھی۔ سانحہ کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور مشقتوں کے بعد دونوں مزدوروں کی جسد خاکی کو بازیاب کر لیا گیا تھا۔