خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں آج یوتھ کانگریس کے لیڈران نے ملک بھر میں پیٹرول ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج سے قبل کانگریس کے صدر دفتر ڈوڈہ وانی منزل میں بلاک سطح کے یوتھ لیڈران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پارٹی کے اندرونی معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذکورہ میٹنگ جگدیو گاگہ جموں کشمیر یوتھ کانگریس انچارج، جموں و کشمیر یوتھ کانگریس صدر ادھے بھانو چِب کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے بعد یوتھ کانگریس کے لیڈران نے سڑک پر نکل کر مرکزی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور ان پر غریب عوام کو لوٹنے کا الزام عائد کیا۔
جگدیو گاگہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی اعلی کمان کی ہدایات پر جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں پارٹی کارکنان، لوگوں سے مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ' سنہ 2014 سے قبل مہنگائی بہت کم تھی لیکن اس وقت بی جے پی نے ملک بھر میں مہنگائی کے نام پر دھرنے، احتجاج کئے اور یہ نعرہ لگایا گیا کہ بہت ہوئی مہنگائی کی مار اب کی بار مودی سرکار۔ یہ نعرہ اُس وقت لگا تھا جب کانگریس اقتدار میں تھی اور پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں ساٹھ روپے سے کم تھی۔ لیکن اب جبکہ یہ ہندسہ سو سے پار ہو چُکی ہے۔ لوگ مایوس ہو کر چھپ بیٹھ گئے ہیں۔ لیکن وقت آ گیا ہے کہ حکومت کو یہ احساس دلایا جائے کہ ملک کی غریب عوام مہنگائی سے بُری طرح پِس رہی ہے۔ اب لوگ کہہ رہے ہیں، بہت ہوئی مہنگائی کی مار کبھی نا آئے مودی جیسی سرکار۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت غریب عوام پر ترس کھائے۔'
کانگریس کے یوتھ صدر اُدھے بھانو نے مرکزی حکومت پر امیروں اور طاقتور کو پناہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ امبانی، اڈانی کے قرضے معاف کیے گئے، لیکن پیٹرول ڈیزل میں سبسڈی نہیں رکھی گئی۔ جس کا تعلق سیدھے طور غریب، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے عوام سے جُڑا ہے۔ حکومت سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دینا چاہتی ہے اور خود کی تجوریاں بھرنے میں سرگرم عمل ہیں۔ جس سے ملک میں غریبی ایک اور سنگین مسئلہ بن جائے گی۔'