جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ پولیس نے سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کے مشترکہ تلاشی مہم کے دوران ایک عسکریت پسند کو بڑی مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
ایس پی ڈوڈہ راج کمار نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد پولیس، سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کی مشترکہ ٹیم نے بکھیڑیان گاؤں کا محاصرہ کرکے تلاشی مہم چلائی۔
انھوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران گاؤں میں غلام احمد نامی ایک شخص کے گھر کی تلاشی لی اور اس کے بیٹے فردوس احمد کو گرفتار کیا گیا، جس کے گھر سے 3 چینی پستول، 5 میگزین، 1 سائلینسر اور 15 راونڈ گولیاں برآمد کیے ہیں۔
ایس پی نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار شخص گزشتہ سات ماہ سے عسکری معاملات میں سرگرم تھا، لیکن وہ کشمیر یونیورسٹی سے صحافت میں پوسٹ گریجویشن بھی کر رہا تھا، پولیس اس تعلق سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔