مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایڈونچر ٹورزم کو فروغ دینے کے لئے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے ڈی سی ڈائفوڈ ساگر کی نگرانی میں بی ڈی اے اور جے کے ایڈونچر گروپ کے اشتراک سے جمعہ کے روز دریائے چناب میں دو روزہ وائٹ واٹر رافٹنگ میلے کی شروعات کی۔
ڈوڈہ میں دو روزہ واٹر رافٹنگ میلے کا اہتمام میلے کے پہلے روز ضلع بھر کے پندرہ سو سے زائد افراد بالخصوص نوجوانوں نے میلے میں شرکت کی اور تقریباً 200 افراد پریم نگر شبنوت سے کراڑہ تک رافٹنگ سفر کا مزہ لیا۔
اس میلے میں ڈی سی ڈوڈہ، ڈی ڈی سی چیئر پرسن سمیت جی ایم سی ڈوڈہ کے پہلے بیچ کے ایم بی بی ایس طلبا نے بھی حصہ لیا اور رافٹنگ میں بھی شرکت کی۔
وہیں، شرکاء کی خوشنودی کے لئے انتظامیہ کی جانب سے چناب کے کنارے سجائے گئے پنڈال میں متعدد تفریحی پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جن میں والی بال، ٹگ آف وار، میوزک کی نمائش وغیرہ شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ دوسرے روز بھی یہی سرگرمیاں پنڈال میں جاری رہیں گی۔ انتظامیہ کی طرف سے رافٹنگ کا پورا پروگرام حفاظتی اقدامات کے سخت معیار کے تحت کیا گیا اور بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے لوگ واٹر رافنٹنگ سے لطف اندوز ہوئے ۔
اس موقع پر ایس ایس پی ڈوڈہ ممتاز احمد، ڈاکٹر راجندر کھجوریا، اے سی ڈی پریم سنگھ چب، ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر امین زرگر، ایس ڈی ایم گندو پریتم لال تھاپا سمیت دیگر ضلع آفسران موجود رہے۔