ضلع ڈوڈہ کے پریم نگر ٹھاٹھری علاقہ میں دریائے چناب سے ریت نکال کر اپنی روزی روٹی کا انتظام کرنے والے مزدوروں اور پولیس کے مابین ہوئے پُرتشدد واقعہ میں ایس ایچ او ٹھاٹھری زخمی ہوگئے۔ یہ مزدور پریم نگر کے شبننوت علاقہ میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
مزدوروں کا مطالبہ تھا کہ انہیں دریائے چناب کے کناروں سے ریت لے جانے کی اجازت دی جائے۔ چونکہ یہ علاقہ ریت نکالنے کے لئے ایک ٹھکیدار کو سونپا گیا ہے۔ اس لئے غریبوں کو بھی روزگار کا موقع دیا جائے۔
جب ایس ایچ او ٹھاٹھری امرت کٹوچ موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے بات کرنے کی کوشش کی تو بات چیت نے پُرتشدد موڑ لے لیا۔