ڈوڈہ:صوبہ جموں کے ضلع ڈوڈہ میں دور افتادہ دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور اپگریڈیشن کا کام جاری ہے۔ پی ایم جی ایس وائی (PMGSY) کی جانب سے ضلع کی شیواہ سندراہ - چکرابتی رابطہ سڑک کی اپگریڈیشن کا کام شروع کیے جانے سے لوگوں میں کافی خوشی کا ماحول ہے۔ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد سڑک کی تعمیر شروع کی گئی جس پر عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی ستائش کی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ قریب تیرہ برس بعد اس سڑک کو کشادہ کیا جا رہا ہے جس پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یہ رابطہ سڑک ملحقہ تین پنچایتوں میں رہائش پذیر لوگوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ تحصیل صدر مقام پہنچنے کے لیے محض یہی ایک کشادہ سڑک ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ قریب دس برس قبل تعمیر کی گئی سڑکوں پر صرف ایک ہی گاڑی گزرنے کی گنجائش ہے اور خطے میں بڑھتے سڑک حادثات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں سے مسلسل سڑکوں کی اپگریڈیشن، تعمیر اور کشادگی، کا سلسلہ شروع کیا ہے۔