جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں ضمنی پنچایتی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ انتخابات کے پیش نظر ضلع میں عملہ کو تربیت دینے کا عمل بھی شروع ہو چُکا ہے۔
ڈسٹرکٹ پنچایت الیکشن آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈائفوڈ کی ہدایت پر ڈی سی آفس کے میٹنگ ہال میں ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز (اے آر اوز) کے لئے منگل کو ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
ضلع ڈوڈہ میں ضمنی پنچایتی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع آر اوز اور اے آر اوز کو ضلع سطح کے ماسٹر ٹرینرز - فلیل سنگھ بی ڈی او بھالہ اور عادل اقبال ڈپٹی رجسٹرار کاپریٹیو ڈوڈہ نے تربیت دی۔ اُنہوں نے انتخابی عملہ کو ضمنی انتخابی کے لئے نامزدگیوں، امیدواروں کی جانچ پڑتال واپس لینے، امیدوار کو انتخابی نشان فراہم کرنے، پول ڈے اور انتخابی طریقہ کار، ضابطہ اخلاق کے بارے میں تفصیلی تربیت دی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈوڈہ ادریس لون نے آر اوز اور اے آر اوز سے بات کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اس انتخابی عمل کو منصفانہ طریقہ سے انجام دینے کے لئے ضابطہ کے مطابق کام کریں تاکہ اس ’’ضمنی انتخابات کا انعقاد صاف و شفاف طریقے سے ممکن ہو سکے۔‘‘
واضح رہے کہ ضلع ڈوڈہ میں سرپنچ کی 17 اور 26 پنچوں کی نشستیں خالی ہیں۔ سرپنچوں کی سترہ نشستیں ڈوڈہ کے تمام بلاکس میں بی ڈی سی کی نشستیں پُر کرنے کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں۔ جبکہ پنچوں کی نشستیں کچھ اموت و دیگر وجوہات سے خالی ہوئی ہیں۔