جموں: محکمہ برقیات کے پرنسپل سیکریٹری راجیش پرساد نے منگل کے روز کہا کہ بجلی کے کٹوتی شیڈل پر من وعن عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہا کہ مسال بجلی کی فراہمی میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے اور ہر گھر میں اسمارٹ میٹر کو نصب کیا جائے گا۔پرنسپل سیکریٹری کے مطابق مرکزی وزارت بجلی نے اضافی بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے وعدئے پر سرکار کار بند ہے اور اس حوالے سے زمینی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔محکمہ بجلی کے پرنسپل سیکریٹری راجیش پرساد نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال بجلی سپلائی میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
ان کے مطابق اس وقت کشمیر صوبے میں 1665میگاواٹ اور جموں صوبے میں 1150میگاواٹ بجلی درکار ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ نے کٹوتی شیڈول مشتہر کیا جس پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
پرنسپل سیکریٹری نے بتایا کہ اضافی بجلی خریدنے کی خاطر سرکار نے پاؤر کمپنیوں کے ساتھ بات کی ہے جبکہ منگل کی صبح ہی مرکزی وزارت بجلی کے سیکریٹری کے ساتھ اس معاملے پر گفت و شنید کیا۔