مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ہو رہے ڈی ڈی سی انتخابات پر سیاسی و سماجی کارکن غلام مصطفیٰ بٹ نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'موجودہ حکومت پارلیمنٹ سے پنچایت تک اپنے ہی لوگوں کو لانا چاہتی ہے۔'
ڈی ڈی سی انتخابات پر سیاسی و سماجی کارکن کا اظہار خیال سیاسی و سماجی کارکن غلام مصطفیٰ بٹ نے کہا کہ 'بی جے پی نے اقتدار کے لئے جموں و کشمیر کو مہرا بنا کر یہاں کے ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔'
چنگا میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ضلع کونسل انتخابات کو بی جے پی کی ایک اور سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ان کے سابق وزراء دو دو حلقوں سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔'
غلام مصطفیٰ بٹ نے کہا کہ 'انتظامیہ بی جے پی کی ایماء پر ان کا ایجنڈا چلا رہی ہے۔ بی جے پی نے ریاست کی خصوصی پوزیشن کو منسوخ کر کے جموں و کشمیر کو گہری کھائی میں ڈال دیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'بے روزگاری، مہنگائی و رشوت خوری نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔'
انہوں نے الزام لگایا کہ بھلیسہ و چنگا میں سینکڑوں رائے دہندگان کو جان بوجھ کر غائب کیا گیا ہے جبکہ اپنے ووٹ بینک کے لئے غریب لوگوں کے پولنگ مراکز بھی تبدیل کئے ہیں۔'
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے معاملہ کی تحقیقات کرکے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔