ضلع ڈوڈہ کی تحصیل بھرت بگلہ کے عوام نے سڑک کی بہتر سہولیات نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ اور یوٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے علاقہ کے عوام کے ساتھ سوتیلا سلوک کا انتظامیہ پر الزام عائد کیا۔
احتجاج میں شامل تنویر احمد نے بتایا کہ ایک طرف موجودہ حکومت جدید طرز پر رابطہ سڑک کی سہولیات کے منصوبے تیار کر رہی ہے لیکن زمینی سطح پر آج بھی لوگ بنیادی سہولیات کے لئے جد وجہد کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ بھرت بگلہ روڈ گزشتہ 30 برسوں سے نامکمل ہے، اگر چہ اس دوران کئی مرتبہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیری کام کیے گئے لیکن وہ رقومات عوام کو بہتر سہولیت فراہم کرانے کے لئے ناکافی ثابت ہوئے۔ اس سڑک سے ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنے روز مرّہ کی ضروریات یا دفتری کام کاج کے لئے ڈوڈہ صدر مقام جاتے ہیں، لیکن سڑک کی ابتر حالت کی وجہ سے سفر کے دوران کافی وقت گاڑی میں ان کا ضائع ہو جاتا ہے۔