ڈوڈہ (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں کاستی گڑھ علاقے سے تعلق رکھنے والے باشندوں نے ڈی سی آفس ڈوڈہ کے باہر جمع ہوکر ’’کاستی گڑھ علاقے میں ریچھ کے بڑھتے حملوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے جانے‘‘ کے خلاف ضلع انتظامیہ سمیت محکمہ وائلڈ لائف کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجیوں نے حکام پر ’’بھالو بچاؤ، عوام کو مارو‘‘ پالیسی پر گامزن رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکام نے کاستی گڑھ کی عوام کو پس پشت ڈال دیا ہے۔‘‘
ڈی سی آفس ڈوڈہ کے باہر احتجاج کر رہے کاستی گڑھ کے باشندوں نے کہا: ’’کاستی گڑھ علاقے میں جنگلی جانوروں خاص کر ریچھ کا انسانی بستیوں پر حملہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور آئے روز ریچھ کے حملوں میں انسانی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے جس کو روکنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بار ہا انتظامیہ کی نوٹس میں لائے جانے کے باوجود اس جانب متعلقہ حکام کی جانب سے اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔