ڈوڈہ (جموں و کشمیر) :صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں محکمہ صحت عامہ کی مہم ’’جل جیون مشن‘‘ کے تحت ضلع کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کاستی گڑھ کے طلباء نے ایک ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی میں جل شکتی محکمہ کے ملازمین نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں پی آر آئی اراکین کے علاوہ مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے بھی شمولیت اختیار کی۔
منتظمین کے مطابق ریلی کا مقصد گاؤں کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی سرکاری مہم کے حوالہ سے آگاہی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو پانی کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کرنا تھا۔ ریلی میں شامل افراد نے بتایا کہ علاقہ کاستی گڑھ میں پینے کے صاف پانی کی کافی قلت ہے جس کی وجہ سے اس علاقے کے لوگ کافی عرصہ سے پریشان ہیں اور عرصہ دراز سے پینے کے صاف پانی کی مانگ کرتے آ رہے ہیں۔