جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے چار ماہ گھروں میں بند رہنے کے بعد ڈوڈہ میں مختلف کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے ہُنر مند کھلاڑیوں نے ٹرائل کم سلیکشن کے دوران عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع سطح کی کھیل کود سرگرمیوں میں حصّہ لینے کے لیے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔
جموں کشمیر کے محکمۂ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام کرکٹ اور فٹ بال لڑکوں کے زمرے میں ٹرائل کم سلیکشن کا عمل اسپورٹس اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوا۔ اس سلیکشن مقابلے میں سرکاری اسکولوں کے ساتھ ساتھ ڈوڈہ کے نجی تعلیمی اداروں کے 80 طلباء / کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
ڈوڈہ میں جاری انٹر اسکول زونل لیول ٹرائل کم سلیکشن اختتام پذیر کووڈ۔19 وبائی امراض کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط اور سخت نظم و ضبط کے تحت میچ کھیلے گئے۔ ٹرائل کم سلیکشن کا مقصد مقابلہ میں سب سے تیز، سب سے بہتر اور سب سے مضبوط کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
جسمانی صحت کی ترقی کے بغیر تعلیمی میدان میں انسان کی مکمل نشو و نما نہیں ہو سکتی یعنی کھیلوں کے بغیر تعلیم نامکمل ہے۔ اس لئے اس قسم کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
ٹرائل کم سلیکشن کا عمل ڈاکٹر سلیم الرحمن ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس جموں کشمیر کی سرپرستی میں اور جعفر حسین شیخ ڈی وائی ایس او ڈوڈہ کی زیر صدارت میں منعقد ہوا۔ اس مقابلے میں کھلاڑیوں کا انتخاب تکنیکی پینل اور ماہرین نے کیا۔