ڈوڈہ (جموں کشمیر) :بدھ کی صبح پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے عسر، ترنگل علاقے میں ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تین درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ ضلع ڈوڈہ کے اسی علاقے میں قریب 36برس قبل اس سے بھی بھیانک حادثہ رونما ہوا جس میں 63افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حیران کن طور پر 63برس قبل کشتواڑ سے جموں جارہی مسافر بردار بس ڈدوڈہ میں حادثہ کا شکار ہوئی تھی وہیں آج بھی جس مسافر بردار بس کو حادثہ پیش آیا وہ بھی کشتواڑ سے جموں کی جانب جا رہی تھی۔
صوبہ جموں کا پیر پنچال خطہ جہاں اپنی خوبصورتی، دلکش مناظر کے اعتبار سے کافی معروف ہے وہیں یہ خطہ بدترین ٹریفک حادثات کے لیے بھی بدنام ہے۔ سرینگر جموں قومی شاہراہ میں بانہال سے رام بن تک جبکہ بٹوٹ کشتواڑ شاہراہ پر ضلع ڈوڈہ کے عسر علاقے میں آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ستمبر ماہ میں میں ٹریفک حادثہ میں ایک ہی کنبے کے چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جبکہ گزشتہ ماہ اسی طرح ایک ایک اور حادثہ میں ایک ہی کنبے کے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ رواں برس فروری ماہ میں ڈوڈہ میں ہی ایک ٹریفک حادثہ میں انجینئر کی موت واقع ہوئی تھی۔ جبکہ گزشتہ برس اسی ضلع میں ایک کار کریش میں چار افراد جن میں سے تین انجینئر تھے، ہلاک ہو گئے۔