جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں آج تک صرف کرکٹ کے ہی بڑے بڑے ٹورنامنٹ منعقد ہوئے ہیں جس میں غفران میموریل کرکٹ چیمپیئن شپ قابل ذکر ہے۔ اس کرکٹ چیمپیئن شپ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی ہے لیکن اب مزید کھیلوں کو بھی یہاں فروغ مل رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے کھیل مقابلوں کو فروغ دینے کے لئے چلائی جا رہی اسکیموں سے اب کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں میں بھی ہُنر مند کھلاڑی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
ضلع ڈوڈہ کی تاریخ میں پہلی بار جموں و کشمیر تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نو تشکیل شدہ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن ڈوڈہ کے تحت محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے اشتراک سے تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا اہتمام کیا گیا جس میں شائقین کی بھاری تعداد نے حصّہ لیا اور چیمپیئن شپ کے دوران شاندار مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔
یہ چیمپیئن شپ اس لئے بھی لوگوں کے توجہ کا مرکز بنی کیونکہ اس سے قبل اس طرز کے کھیل کو صرف ٹی وی پر دیکھا جاتا رہا ہے۔
پہلی مرتبہ منعقد ہوئی تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں اے ڈی ڈی سی ڈوڈہ صورت سنگھ بطور مہمان خصوصی موجود رہے۔