ڈوڈہ (جموں کشمیر) : صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 3.9 ریکارڈ ہوئی ہے۔ گزشتہ روز ڈوڈہ کے عسر علاقے میں پیش آئے دلدوز سرک حادثہ میں 38افراد ہلاک ہونے اور آج صبح ضلع کے بھدرواہ علاقے میں آتشزدگی کے واقعے کے سبب ڈوڈہ کے سہمے ہوئے باشندے زلزلوں کے جھٹکوں سے سہم گئے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں جمعرات صبح نو بجکر 34 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 3.9 ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 76 کلو میٹر درج تھی۔ تاہم زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار (Siesmic Zone) میں آتا ہے۔