ڈوڈہ:سرحدی ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقہ میں پولیس نے دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان منشیات فروشوں کے قبضے سے چرس برآمد کی ہے۔اس حوالے سے ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دو منشیات فروش علاقہ کی طرف منشات لا رہے ہے،جس کے بعد پولیس نے سنجیوانی ڈوڈہ میں بھلہ کے مقام پر ایک ناکا لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس نے گاڑیوں سمیت مسافروں کی تلاشی کارروائی انجام دی۔جونہی ایک موٹر سائیکلJK06-A 5035 ناکا پر پہنچی تو پولیس نے اس پر سوار دونوں مسافروں سے تلاشی لی۔ اس دوران ان کے قبضے سے چرس جیسا مادہ برآمد ہوا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق دونوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت عارف قیوم ولد عبدالقیوم ساکنہ حویلی محلہ بھدرواہ اور مزمل رفیق ولد محمد رفیق ساکنہ سلطان پورہ بھدرواہ کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقربیاً 400 گرام چرس برآمد ہوئی ہے اور اس سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کوشش رہے گی کہ ڈوڈہ و بھدرواہ کو منشیات سے پاک کیا جائے جس کے لیے لوگوں کو پولیس کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ جو بھی اس کاربار میں ملوث ہے ان کی جانکاری پولیس کو فراہم کرے تاکہ منشیات کی بدعت کو جڑ سے ختم کیا جائے۔