ڈوڈہ: ضلع ڈوڈہ میں جب سے کھلینی سُدھما دیو سڑک پر تعمیر کا کام شروع ہوا ہے، اس وقت سے مقامی لوگوں کی طرف سے مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے۔ پروجیکٹ کو منظوری ملنے کے فوراً بعد کھلینی میں مختلف گروپوں کے مابین یونین کے مسئلے پر تنازعہ شروع ہوا لیکن سبھی یونین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ٹنل کی تعمیر میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے لیکن ٹنل کی تعمیر شروع ہونے کے بعد وہی ہوا جس کا لوگوں کو اندیشہ تھا۔ کمپنیوں نے مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے غیر مقامی نوجوانوں کو کام پر مامور کیا۔
اس سلسلے میں ضلع صدر مقام ڈوڈہ اور کھلینی میں نوجوانوں بار بار اپنے غصّے کا اظہار کررہے ہیں۔ ہفتہ کے روز ڈوڈہ کے مختلف علاقوں سے آکر نوجوانوں نے ڈوڈہ ڈی سی دفتر کے باہر احتجاج کیا اور متعلقین پر الزام عائد کیا کہ اُن کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ ٹنل کی تعمیر شروع ہونے سے قبل جو وعدے مقامی لوگوں کے ساتھ کئے گئے تھے، اُن پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے، جس سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔