ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے پندرہ کلومیٹرکی دوری پر واقع بلاک دفتر ادھیانپور کے سیمنٹ سٹور میں پیر اور منگل کی درمیانی شب اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجہ میں وہاں رکھا بلاک دالی ادھینپور کا ریکارڈ جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
مقامی باشندوں کے مطابق پیر کی رات اسٹور سے اچانک آگ نمودار ہونے کے بعد فوری طور فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کو مطلع کیا گیا جنہوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، تاہم آتشزدگی میں اسٹور میں موجود ریکارڈ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
آگ زنی کی واردات کے بعد مختلف عوامی حلقوں نے سیمنٹ سٹور میں موجود ریکارڈ کے خاکستر ہونے پر حیرانگی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آتشزدگی کے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔