جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے مقامی طلبہ کے لیے ’’ہندوستان کی جد و جہد آزادی‘‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں قصبہ ڈوڈہ کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے مقالات پڑھے۔
تقریب میں تیرہ طلباء و طالبات نے ہندوستان کی جد و جہد آزادی کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کیں۔ اس کے علاوہ ایک کوئز مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پولیس لائنز ڈوڈہ میں منعقد کی گئی تقریب میں بہتر مقالہ پڑھنے والے طلباء کو انعامات و اسانید سے نوازا گیا۔
چناب ویلی پبلک اسکول، ڈوڈہ کے خالد بشیر اور مزمل ارشاد نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ سیکنڈری اسکول ڈوڈہ کی طالبہ میناکشی گوریا اور پیراموٹ اسکول کی اندرا دیوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔