ڈوڈہ (جموں و کشمیر) :خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ اکثر و بیشتر ضلع صدر مقام کے ساتھ ساتھ دور دراز اور دیہی علاقوں میں طبی کیمپس کا انعقاد کررہی ہے۔ علاج و معالجہ کے لیے نامور طبی ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی غرض سے ضلع انتظامیہ نے احمد فاؤنڈیشن نامی ایک این جی او کے اشتراک سے ایسوسی ایٹڈ ہاسپٹل، جی ایم سی، ڈوڈہ کے او پی ڈی بلاک میں امراض چشم میں مبتلا افراد کے لیے مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔
کیمپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، وشیش پال مہاجن، نے کیا، اس موقع پر سیول، پولیس اور محکمہ صحت کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ طبی کیمپ میں معروف ماہر امراض چشم، ڈاکٹر اشوک شرما، اور ان کی ٹیم نے شعبہ امراض چشم، جی ایم سی ڈوڈہ، کے ہمراہ کیمپ میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کی آنکھوں کا چیک اپ کیا اور انہیں مفید مشوروں سے نوازا۔ ڈاکٹر اشوک شرما اور طبی کیمپ منعقد کرنے والے رضاکاروں نے دعویٰ کیا کہ طبی کیمپ میں بیشتر مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا جبکہ ڈاکٹروں نے جن مریضوں کو جراحی کی تجویز کی ان کا جموں میڈیکل کالج میں مفت علاج کیا جائے گا۔