بھدرواہ، ڈوڈہ (جموں و کشمیر) :صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر، وشیش پال مہاجن، نے آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (AB-PMJAY/Shehat) KIOSK (ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا۔ اس ضمن میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بھدرواہ میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں اے ڈی سی بھدرواہ دلمیر چودھری، سی ایم او ڈوڈہ ڈاکٹر عب الحامد زرگر، تحصیلدار بھدرواہ اور بلاک میڈیکل آفیسر بھدرواہ سمیت ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور تحصیل انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں ڈی سی ڈوڈہ نے کہا کہ PMJAY ہیلپ ڈیسک (KIOSK) نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے شروع کی گئی ایک پہل ہے جس کے تحت صحت عامہ کی خدمات لوگوں تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا ہیلپ ڈیسک کا مقصد استفادہ کنندگان کو ہسپتال سے براہ راست جوڑنا ہے جس کے ذریعے مریضوں کو وضع کی گئی اسکیموں سمیت دیگر سہولیات کی آگاہی فراہم کی جائے جبکہ اس کے ذریعے صحت عامہ تک مناسب رسائی فراہم ہوگی۔
ہیلپ ڈیسک سے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے ڈی سی ڈوڈہ نے کہا کہ اس سے مستفید ہونے والوں کے لیے AB PMJAY کی یکساں شناخت تیار کرنے میں بھی مدد ملے گی اور صحت عامہ کی حصولیابی کے حوالہ سے مریضوں کو درپیش مشکلات اور پیچیدگیاں بھی دور ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مستقل اور وقف سروس ہے جس کے ذریعے یو ٹی انتظامیہ اور مرکزی سرکار کی جانب سے وضع کی گئی اسکیموں کی مکمل معلومات فراہم کی جائے گی۔
ڈی سی ڈوڈہ نے ہیلپ ڈیسک ونڈو کا افتتاح کرنے کے بعد ایس ڈی ایچ بھدرواہ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سب ضلع اسپتال میں مریضوں اور تیمارداروں کو فراہم کی جا رہی صحت عامہ کی خدمات کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کا معائنہ کرنے کے علاوہ اسپتال کے کام کاج کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اسپتال عملہ کے ساتھ بات چیت کے دوران ڈی ڈی سی ڈوڈہ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے فرائض خلوص اور وقت کی پابندی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے طبی و نیم طبی عملہ سے مریضوں کی بہتر نگہداشت فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔