ڈوڈہ (جموں و کشمیر) :پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت کمیونٹی بیداری کی غرض سے ڈی سی ڈوڈہ، وشیش پال مہاجن نے ڈی سی آفس کمپلیکس سے ’’پرچار رتھ‘‘ گاڑی کو روانہ کیا۔ اس موقع پر ایک مختصر تقریب منعقد کی گئی جس میں اے ڈی سی ڈوڈہ، ڈاکٹر آر کے بھارتی، اے سی آر ڈوڈہ سنجیو کمار، سی پی او ڈوڈہ سریش کمار، سابق این جے ایس ڈی سباش گپتا بھی موجود تھے۔ ڈی سی نے قصبہ ڈوڈہ سمیت ملحقہ علاقوں میں جے جے ایم اسکیم سے متعلق آگاہی کی غرض سے ایک وین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
’’پرچار رتھ‘‘ آگاہی مہم میں، ISA- DPMU یونٹ ڈوڈہ کی جانب سے تیار کردہ ایک خصوصی گاڑی عوام کو پانی کے تحفظ، گرے واٹر مینجمنٹ، پانی کی جانچ، پینے کے صاف پانی کی اہمیت سمیت دیگر متعلقہ موضوعات سے آگاہ کرے گی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ISAs کی جانب سے مختلف مقامات / بلاکس میں کمیونٹی بیداری کے پروگرامز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پنچایتی راج اداروں کے اراکین سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز ان پروگرامز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ مزید یہ کہ ISA کے ماہرین JJM پر تربیت، بیداری، اور IEC سرگرمیاں بھی انجام دے رہے ہیں۔