ڈوڈہ:جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبے میں گذشتہ ایک ہفتے سے جاری کرفیو میں جمعرات کی صبح تین گھنٹوں کی ڈھیل دی گئی جس دوران صورتحال پر امن رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ حکام کی طرف سے کرفیو میں نرمی کے اعلان کے ساتھ ہی جمعرات کی صبح نو بجے بھدرواہ قصبے میں تمام دکان اور دیگر کاروباری ادارے کھل گئے۔ Bhaderwah Curfew Relaxed For Few Hours
واضح رہے کہ بھدرواہ قصبے میں بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما، جس کو بعد میں معطل کیا گیا، کے پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں مبینہ گستاخی کرنے سے پیدا شدہ فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر 9 جون کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ قصبے میں جمعرات کی صبح کرفیو میں نرمی کے ساتھ ہی بازاروں میں دکانیں کھل گئیں اور لوگ بھی خریداری و دیگر کاموں کے لئے گھروں سے باہر آتے ہوئے دیکھے گئے۔ قصبے میں بدھ کی سہہ پہر کو بھی ساڑھے تین بجے سے ساڑھے پانچ بجے تک کرفیو میں پہلی بار ڈھیل دی گئی تھی۔ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ وکاس شرما اور ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم کرفیو نافذ ہونے کے روز اول سے ہی قصبے میں مسلسل خیمہ زن ہیں اور وہاں حالات پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے امن و قانون کی صورتحال کو قائم رکھنے کی اپیل کی ہے اور یہ یقین دہانی کی ہے کہ علاقے سے بہت جلد تمام تر پابندیوں کو ہٹایا جائے گا۔ ادھر لوگوں نے بھی حکام سے کرفیو کو مکمل طور سے ہٹانے اور انٹرنیٹ سہولیات کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سہولیات پر پابندی سے طلبا کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔