خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کی تاریخ جیسے جیسے نزدیک آ رہی ہے، سیاسی خیموں میں تیاریاں زور پکڑ رہی ہیں۔ ڈوڈہ میں فی الحال کانگریس خیمہ زیادہ سرگرم عمل ہے۔ کانگریس صدر دفتر ڈوڈہ میں مسلسل اجلاس کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے اور ضلع کے چودہ حلقہ انتخاب کے لئے امیدواروں کو منڈیٹ دینے کے لئے پارٹی اعلیٰ عہدیدران، بلاک صدور اور پارٹی ورکرس کے ساتھ مل کر بات جیت کی جا رہی ہے۔
پیر کے روز کانگریس کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر عبدالمجید وانی کی صدارت میں بلاک سطح کی کانگریس اکائی کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ڈی ڈی سی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اِجلاس میں کانگریس ورکر نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ ڈی ڈی سی انتخابات میں ہر حال میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر پارٹی کارکنان، عہدیدران سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر عبدالمجید وانی نے بتایا کہ کانگریس جماعت ملک کی واحد سیکولر جماعت ہے جس نے آزادی سے قبل اور آزادی کے بعد اپنے رویہ اپنے ایجنڈے میں کبھی تبدیلی نہیں لائی اور ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی۔ جس کی بدولت ہندوستان نے مختصر وقت میں دنیا کے اندر وہ مقام حاصل کیا جو تاحال باقی غلامی سے آزاد ہوئے ممالک نے حاصل نہ کیا ہو۔