ضلع ڈوڈہ میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے صفائی کرنے والوں کی کام چھوڑ ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی، جس وجہ سے قصّبہ میں جگہ جگہ گندگی غلاظت کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں۔ وہاں سے اُٹھنے والی بدبو سے راہ گیروں اور دکانداروں کو سانس لینے میں دشواریاں آ رہی ہیں۔
اکھل بھارتیہ مزدور سنگ کے بینر تلے صفائی کرمچاری اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ پچھلے دو روز سے قصّبہ ڈوڈہ میں صفائی کرنے والے اہلکار پُرامن طور احتجاج کر رہے تھے، لیکن ہفتہ کے روز انتظامیہ کے رویے سے ناراض ہو کر اُنہوں نے قصّبہ کی گندگی کو گاڑی میں بھر کر بلدیہ ڈوڈہ کے صدر دفتر کے داخلی گیٹ کے اوپر پھینک دیا اور وہاں سڑک کے ارد گرد گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے۔
اکھل بھارتیہ مزدور سنگ کے ضلع صدر ارشاد احمد واتل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتظامیہ کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ بیس برسوں سے اپنا حق مانگ رہے ہیں اور حکومت سے ایک ہی مانگ کر رہے ہیں کہ اُن کو مستقل کیا جائے لیکن بار بار اُن کو جھوٹی یقین دہائی دے کر احتجاج ختم کر دیا جاتا ہے۔ اب انتظامیہ، متعلقہ محکمہ غریب صفائی کرمچاریوں کے ساتھ ظلم زیادتی پر اُتر آیا ہے اور دھمکی دی جا رہی ہے کہ اُن کو پولیس کے ذریعے حراست میں لیا جائے پھر احتجاج خود بخود ختم ہو جائے گا۔ لیکن اُن کی ایسوسیشن آخری دم تک اپنے حق کی لڑائی لڑے گی اور اس لئے وہ جیل جانے کے لئے بھی تیار ہیں۔ صفائی ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال کی وجہ سے قصّبہ ڈوڈہ میں جگہ جگہ گندگی، غلاظت کے ڈھیر پائے گئے۔