جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے تینوں قصّبوں میں میونسپل کمیٹی بھدرواہ، ٹھاٹھری اور میونسپل کونسل ڈوڈہ سے وابستہ عارضی طور پر کام کر رہے صفائی ملازمین بھی مستقلی کی مانگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دو روز سے کام چھوڑ ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں۔
ضلع میں صفائی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے قصّبہ ڈوڈہ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں۔ گندگی غلاظت سے اُٹھنے والی بدبو سے راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کام چھوڑ ہڑتال پر بیٹھے صفائی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے کام سے جُڑے ہوئے ہیں جو کوئی نہیں کر سکتا ہے۔ قصّبہ کی گلی کوچوں کو ہر روز بھاری گند غلاظت جو ہر گھر سے نکال کر راستے پر پھینک دی جاتی ہے اُن کو صاف کرتے ہیں، لیکن قصّبہ کی صاف صفائی کی ذمہ داری جن لوگوں کے اوپر ہے وہ ہر طرح سے مشکلات کا شکار ہیں۔
عارضی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ ہر وقت دھوپ چھاؤں میں صفائی کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں لیکن جب وہ اپنے حقوق کہ بات کرتے ہیں تب اُن کی طرف حکومت انتظامیہ پیٹھ کر دیتی ہے اور کوئی مسئلہ مانگ کی طرف توجہ نہیں دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈوڈہ: گاؤں رابطہ سڑک سے محروم
عارضی ملازمین کو پورے ماہ صفائی کرنے کے بعد چھ ہزار ماہانہ دیا جاتا ہے، جس میں گھر کے اخراجات، بچّوں کی تعلیم کے خرچ بھی اُٹھانے پڑتے ہیں جو موجودہ مہنگائی کے دور میں نا ممکن ہیں۔ اُنہوں نے حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ گندگی سے بھری نالیوں میں کام کرنے والے صفائی ملازمین کے بارے میں سوچا جائے جو مستقلی کی امید اور بہتر زندگی کے انتظار میں غلاظت سے بھرے گندے نالوں کو صاف کرتے کرتے مہلک بیماری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس لئے مزید تاخیر کئے بغیر اُن کو مستقل کیا جائے۔