خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے جموں و کشمیر کا بھارت کے ساتھ مکمل انضام ہونے کی مناسبت سے یوم الحاق کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب بی جے پی کے ضلع صدر سوامی راج کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران و دیگر پارٹی کارکنان نے شرکت کی اور جموں و کشمیر کے بھارت کے ساتھ آج مکمل الحاق کے طور پر منایا۔
اس موقع پر بولتے ہوئے بی جے پی کے ضلع صدر نے بتایا کہ آج سے قبل بھی جموں و کشمیر میں 26 اکتوبر کو یوم الحاق منایا جاتا تھا لیکن آج مکمل طور پر جموں و کشمیر کا بھارت کے ساتھ انضام ہوا ہے۔ جس کے لئے حکومت کی طرف سے آج چھٹی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ یہ دِن بہت اہمیت کا حامل ہے، اسی الحاق کی وجہ سے آج جموں و کشمیر کے لوگ بھارت کا حصّہ بنے ہیں اور آئین کے تحت تمام حقوق دیگر ریاستوں کی طرح مل رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نئی اسکیم سے سیب کے تاجر ناخوش
سوامی راج نے بتایا کہ یہ لمحہ عوام کی خوش قسمتی ہے کہ وہ بھارت کے شہری ہیں، اگرچہ جموں و کشمیر کا الحاق راجہ ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ کیا تھا، لیکن یہاں کی سیاسی جماعتیں اس کو عارضی مانتی تھیں۔ مگر پانچ اگست کو یہ الحاق مکمل ہوا ہے۔ اس میں کسی بھی شخص کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ کچھ لوگ اب بھی دفعہ 370 کی بحالی کا خواب دیکھ رہے ہیں، جو کبھی واپس نہیں آنے والا ہے۔ اس دفعہ کو یہاں سے خارج کرنے کے لئے بی جے پی نے بہت کوشش کی ہے اور اُن کے رہنما نے اُس کے لیے قربانیاں بھی دی ہیں۔