نئی دہلی: خواتین پہلوانوں کے جنسی استحصال کی شکایت پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف درج ایف آئی آر میں ڈروناچاریہ ایوارڈ یافتہ کوچ کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔ کناڈ پلیس پولیس اسٹیشن میں جمعہ کی رات دیر گئے رکن پارلیمان اور ایک کوچ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ خواتین پہلوان طویل عرصے سے رکن پارلیمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔
معاملہ درج کرنے کے بعد دہلی پولیس اب برج بھوشن سنگھ اور ملزم کوچ سے جلد ہی اس معاملے میں پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ نابالغ متاثرہ کی کونسلنگ کی جا رہی ہے۔ ویمن کمیشن کی کونسلر متاثرہ لڑکی کی کونسلنگ کر رہی ہے۔ نابالغ متاثرہ کے علاوہ چھ دیگر خواتین پہلوانوں نے رکن پارلیمان پر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ وہ جہاں بھی کھیلنے جاتی تھی، وہاں رکن پارلیمان ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرتا تھا اور اگر ان کے خلاف احتجاج کیا تو ان کا کیریئر خراب کرنے کی دھمکی دیتا تھا۔ غور طلب بات یہ ہے کہ طویل جدوجہد کے بعد سپریم کورٹ کی مداخلت پر رکن پارلیمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے کو لے کر دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے پولیس کے سینئر افسران کو دو بار نوٹس بھیج کر کیس کے اندراج کا مطالبہ کیا۔