روہتک: اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والے اور سٹار گریپلر یوگیشور دت نے پہلوانوں بجرنگ پونیا، ونیش پھوگاٹ پر سخت نکتہ چینی کی ہے، جنہوں نے اپنے ایوارڈز واپس کر دیے ہیں، اور کہا ہے کہ ان کے فیصلے "سیاسی سازش" تھے۔
حال ہی میں پہلوان بجرنگ پونیا نے سابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ کے انتخاب پر احتجاج کے لیے اپنا پدم شری واپس کر دیا۔ جن پر خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ پہلوان ونیش پھوگاٹ نے بھی سنجے سنگھ کے انتخاب کے خلاف احتجاجاً ملک کا سب سے بڑا کھیل اعزاز کھیل رتن، اور ارجن ایوارڈ حکومت کو واپس کر دیا۔ یہاں تک کہ ریسلر ساکشی ملک نے بھی ریسلنگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
یوگیشور دت نے پہلوانوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ایوارڈ نہ صرف کھلاڑی بلکہ پورے ملک کے لیے اعزاز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے میں کھلاڑی اور اس کے اہل خانہ کا بھی تعاون ہوتا ہے۔ یوگیشور دت نے کانگریس پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ "پہلوانوں کے معاملے میں کانگریس پس پردہ ہے۔ اس ایپی سوڈ کا اسکرپٹ پہلے ہی تیار ہوچکا ہے۔ یہ لوگ آئندہ لوک سبھا تک اس مسئلے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں"۔ انہوں نے کانگریس کے سابق سربراہ راہل گاندھی، دیپندر سنگھ ہڈا اور کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی پر پورے تنازع کے پیچھے ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔