نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے منگل کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آمریت کا ٹول کٹ اپنا کر ملک میں جمہوریت کو ختم کرنا چاہتی ہے، لیکن کانگریس اس کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
کھڑگے نے بی جے پی کی قوم پرستی کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی پالیسی کسان مخالف ہے اور ٹویٹر کے سابق سی ای او جیک ڈورسی کا بیان بی جے پی کی قوم پرستی اور اس کے کسان مخالف چہرے کی حقیقت کو سامنے لاتا ہے۔ کانگریس کے مطابق ڈورسی نے کہا ہے کہ ٹوئٹر پر کسان تحریک کے دوران تحریک نہ دکھانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا، "بی جے پی-آر ایس ایس کی سیاسی اولاد جوتحریک آزادی میں ہندوستانیوں کے خلاف کھڑے ہوکر انگریزوں کے حق میں لڑے، وہ ٹویٹر کے سابق سی ای او کے بیان پر قوم پرستی کا ڈھونگ نہ کریں۔ مودی حکومت نے کسانوں کی تحریک کو کچلنے کے لیے کیا کچھ نہیں کیا۔ خود وزیر اعظم نے کسانوں کو 'آندولن جیوی' کہہ کر مخاطب کیا۔ یوپی کے وزیر اعلی نے کسانوں پر غیر ملکی فنڈنگ کا الزام لگایا۔ بی جے پی کے وزراء اور رہنماؤں نے کسانوں کو نکسلی، دہشت گرد اور غدار کہا۔ "
Kharge on BJP جمہوریت ختم کرنے کی بی جے پی کی سازش ناکام کریں گے: کانگریس
کھڑگے نے بی جے پی کی قوم پرستی کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی پالیسی کسان مخالف ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ کسان اپنے حق کی لڑائی نہ لڑ سکیں، بی جے پی حکومت نے خاردار تار، سیمنٹ کی دیواریں، روڈ پر کیلیں بچھا کر ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔ ان پرلاٹھیاں برسائیں اور 750 کسانوں کی جانیں گئیں۔ ان کو خراج عقیدت اور معاوضہ دینا تو دور، ان شہداء کے لیے پارلیمنٹ میں ایک منٹ کی خاموشی بھی نہیں اختیار کی گئی۔ آج بھی 1.48 لاکھ کسان احتجاج کے دوران درج کیس لڑنے پرمجبور ہیں۔ اگر یہ سب کیا تو صحافیوں اور کسان تحریک کے لیڈروں کو دھمکیاں دینا مودی حکومت کے لیے کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
یواین آئی۔